بنگلورو،29/اپریل(ایس او نیوز) ریاست بھر میں آج سے تین دنوں تک چلنے والے سی ای ٹی امتحانات کا آغاز ہوگیا۔پیشہ ورانہ کورسوں میں داخلوں کے خواہشمند دو لاکھ سے زائد طلباء ان امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔ بنگلور کے 84 سمیت ریاست بھر کے 431 مراکز میں ان امتحانات کا آغاز ہوگیا۔ کل کنڑا کے علاوہ بیرون ریاست اور سرحدی طلباء کے لئے امتحانات منعقد ہوں گے۔ ہر امتحانی مرکز میں 20طلبا ء کے امتحان دینے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ جس کے لئے افزود کمرے بھی تیار ہیں۔ ان امتحانات کو پرامن طریقے سے منعقد کرنے کے لئے ریاست بھر میں سخت سیکورٹی انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ پی یو سی امتحانات کے بعد اعلیٰ تعلیم کے کورسوں میں داخلوں کے لئے یہ امتحانات کافی اہمیت کے حامل ہیں۔ امتحانی مراکز میں دستی گھڑیوں کے علاوہ موبائل، کیالکیولٹر سمیت دیگر الیکٹرانک اشیاء پر پابندی عائد کی گئی ہے۔امتحانی مراکز کے اطراف واکناف امتناعی احکامات نافذ کردئے گئے ہیں اور مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں تاکہ نقل نویسی پر قابو پایا جاسکے۔ ان امتحانات کی نگرانی کے لئے تقریباً 30ہزار افراد پر مشتمل عملے کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔